راولپنڈی: بھارتی فوج کی ایل او سی کے چری سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے یو این ملٹری آبزرورز کی گاڑیوں کی نشانہ بنایا۔ یو این مبصر ین چری سیکٹر میں اشتعال انگیزیوں کے متاثرین سے ملنے جا رہے تھے۔
یو این مبصرین کی گاڑیاں دور سے پہچانی جا سکتی تھیں اور گاڑیوں پر یو این لکھا دور سے دیکھا جاسکتا ہے۔ فائرنگ کا نشانہ بننے والی گاڑی میں پاکستان اور بھارت میں اقوام متحدہ کے مبصر ملٹری گروپ کے دو افسران سوار تھے۔
واقعے میں اقوام متحدہ کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے لیکن عہدیدار محفوظ ہیں اور پاک فوج نے انہیں فوری طور راولاکوٹ منتقل کر دیا۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان سیز فائر معاہدے کی بھارتی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کے واقعے سے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے اور بھارت کی کسی بھی مہم جوئی پر حالات کی سنگینی کا اندازہ ہونا چاہیئے اور عالمی برداری سے پاکستان بھارت کی اس مہم جوئی کو روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ بھارتی فوج نے کنڑول لاین پر چری سیکٹر میں بلااتشعال فائرنگ کی اور اقوام متحدہ کے مبصرین کی گاڑی کو نشانہ بنایا تاہم خوش قسمتی سے گاڑی میں سوار افراد محفوظ رہے ۔