قانون سے بالاتر کوئی نہیں، ذیلی کمیٹی کے فیصلے پر عمل ہوگا، فردوس عاشق اعوان

قانون سے بالاتر کوئی نہیں، ذیلی کمیٹی کے فیصلے پر عمل ہوگا، فردوس عاشق اعوان
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، کوئی مقدس گائے نہیں، مریم نواز کی خواہش نہیں بلکہ ذیلی کمیٹی کے فیصلے پر عمل ہوگا۔


تفصیلات کے مطابق ، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت  پاکستان تحریک انصاف  کور کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ  مسلم امہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی ایک ملک نہیں بلکہ مسلم امہ کی یکجہتی کا خواہاں ہے۔ پاکستان مسلم امہ میں اتحاد کے لیے کوشاں رہے گا۔ وزیراعظم کے دورہ ملائیشیا منسوخی پر قیاس آرائیاں کی گئیں۔ وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اس سے متعلق اصل محرکات سے کور کمیٹی کو آگاہ کیا۔

فردوس عاشق اعوان نےکہا  کہ وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ ادارے ریاست کے ستون ہیں۔ ہم نے اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہے۔ حکومت کا مقصد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا موقف ہے کہ ہم نے قانون کا دفاع اور انصاف کا ساتھ دینا ہے۔

الیکشن کمیشن کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسے پارلیمنٹ نے حل کرنا ہے۔ اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث الیکشن کمیشن کا معاملہ تاخیر کا شکار ہے۔ وزیراعظم نے پارلیمانی کمیٹی کو مسئلے کے حل کا دوبارہ ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کسی ایک نام پر اتفاق کر لیا جائے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کچھ لوگ پاکستان سے باہر جانا چاہتے ہیں۔ عدالت نے ای سی ایل سے نام نکالنے کا معاملہ حکومت کو بھیجا۔ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، کوئی مقدس گائے نہیں، مریم نواز کی خواہش نہیں ذیلی کمیٹی کے فیصلے پر عمل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی نے بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی اور مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ وزیراعظم کی جانب سے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے رکھنے پر کور کمیٹی نے انھیں خراج تحسین پیش کیا۔