لاہور: ملک کے بیشتر علاقے آج بھی دھند کی لپیٹ میں رہے۔ خانیوال سے ملتان موٹروے تک بند رہی۔ میدانی علاقوں میں کئی مقامات پر حد نگا انتہائی کم ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
صبح کے وقت دھند کے باعث موٹروے ایم تھری کو لاہور سے سمندری تک بند کیا گیا۔ خانیوال سے ملتان موٹروے پر بھی حد نگاہ انتہائی کم رہی۔ پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور گوجرہ تک شاہراہ بند رہی۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دھند کے باعث حافظ آباد، جہانیاں، ہارون آباد، میاں چنوں، چونیاں، جیکب آباد سمیت میدانی علاقوں میں راستے دھند میں گم رہے، گاڑیاں رینگ رینگ کر چلتی رہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
آج استور میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12، سکردو، کالام، منفی 08، ہنزہ منفی 07، قلات منفی 05، مالم جبہ، گلگت منفی 04، کوئٹہ منفی 02 اور مری میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 01، لاہور 6، فیصل آباد 3، ملتان 5، پشاور 3 اور کراچی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔