راجہ بشارت کے معاملے پر کوئی غیر قانونی کام نہیں ہو گا، وزیراعلیٰ پنجاب

12:46 PM, 18 Dec, 2018

لاہور: لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے کارڈ کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے بتایا کہ صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن بک ختم کر کے اسمارٹ کارڈ کا اجرا کیا جا رہا ہے۔ یہ کارڈ اسلام آباد میں چل رہے ہیں اور ہم پنجاب میں بھی متعارف کرا رہے ہیں۔ اس سے گاڑیوں کی رجسٹریشن میں جعل سازی کا بالکل خاتمہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ اس کارڈ کے استعمال کے لیے پورے پنجاب میں ساڑھے سات سو مشینیں لگائی جائیں گی۔ اسلام آباد میں کارڈ کی قیمت 1500، کراچی میں 700 روپے ہے جبکہ پنجاب میں ہم 520 روپے میں فراہم کریں گے۔

لیگی رہنما حنیف عباسی کی بیٹی ڈاکٹر اریبہ عباسی اور وزیر قانون راجہ بشارت سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ راجہ بشارت کے معاملے پر کوئی غیر قانونی کام نہیں ہو گا اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں سب ٹھیک ہو جائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ آڈیو لیک کے حوالے سے ابھی پتا نہیں چلا ہے اس حوالے سے تحقیقات کے بعد چیزیں سامنے آ جائیں گے۔ حکومت اداروں میں عدم مداخلت کی پالیسی پر کاربند ہے تاہم کوئی غیر قانونی کام ہو گا اور نہ کرنے دیں گے۔

ڈاکٹر اریبہ کے استعفے کی منظوری سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اریبہ نے اپنا استعفیٰ مجھے نہیں بلکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو دیا ہے اور وہی اس پر فیصلہ کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبائی حکومت کے 100 روز کے حوالے سے مرکزی تقریب 22 دسمبر کو ہو گی۔

مزیدخبریں