لاہور: محکمہ لائیو اسٹاک پنجاب کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں گدھوں کی تعداد روز بروز بڑھنا شروع ہو گئی ہے جس کے بعد صرف لاہور شہر میں گدھوں کی تعداد 41 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکومت نے گدھوں کی بہتر صحت کیلئے ڈونکی اسپتال قائم کر دیا جہاں نہ صرف بیمار گدھوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے بلکہ انہیں مختلف بیماریوں سے بچاؤ کی ادویات بھی دی جا رہی ہیں۔
انسان اور گدھے کا ساتھ تو صدیوں پرانا ہے مگر لاہور میں گدھوں کا کاروبار اچانک چمک اٹھنے سے گدھے پالنے والے بھی خوش نظر آتے ہیں۔
گدھوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ گدھا پال اسکیم منافع بخش ہے اور 35 سے 55 ہزار روپے تک کا گدھا روزانہ 800 سے ایک ہزار روپے تک کمائی کر کے دیتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گدھا چار سال کی عمر میں کماؤ بن جاتا ہے اور 12 سال تک مالک کیلئے روزگار کا ذریعہ بنا رہتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا میں گدھوں کی تعداد کے حوالے سے تیسرا بڑا ملک ہے اور اس فہرست میں ایتھوپیا پہلے اور چین دوسرے نمبر پر موجود ہے۔