بیروت: لبنان میں 2 روز قبل مردہ حالت میں ملنے والی برطانوی خاتون سفارت کار کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ عرب ویب سائٹ کے مطابق لبنان میں تعینات برطانوی خاتون سفارت کار ’ربیکا ڈیکس‘ کی لاش 2 روز قبل دارالحکومت بیروت کے مضافاتی علاقے جل الدیب سے ملی تھی۔ پولیس اور انٹیلی جنس اداروں نے خاتون سفارت کار کی لاش کو قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی تھی جس کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ’ربیکا ڈیکس‘ کو زیادتی کے بعد پھندا لگا کر قتل کیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ’ربیکا ڈیکس‘ 2010 سے برطانوی وزارت خارجہ کی ملازم تھیں انہیں ممکنہ طور پر گزشتہ جمعے کو اغوا کیا گیا اور پھر زیادتی کے بعد قتل کر کے ان کی لاش پھینک دی گئی۔
دوسری جانب لبنان میں برطانوی سفیر ہیوگر شورٹر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پورا سفارت خانہ ربیکا کے بہیمانہ قتل پر دکھ اور صدمے سے دوچار ہے۔ اس المناک واقعے پر ہم مقتولہ کے اہل خانہ، اس کے دوستوں اور ساتھیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ سفارت خانہ مقتولہ کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا اور قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے تک کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں