امریکا افغانستان میں شکست کا الزام پاکستان پر لگا رہا ہے، ناصر جنجوعہ

12:19 PM, 18 Dec, 2017

اسلام آباد: نیشنل سیکیورٹی پالیسی سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا لیکن دنیا نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ کو قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کے خطرناک عزائم کو شکست دی اور آج شرپسند ہتھیار ڈال رہے ہیں۔ آج جیوے جیوے بلوچستان کے ساتھ جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگ رہے ہیں۔

ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کو مستقل طور پر روایتی جنگ کی دھمکی دے رہا ہے اور امریکا بھارت کی زبان بول رہا ہے جب کہ امریکا اور بھارت کشمیر پر ایک ہی موقف رکھتے ہیں۔

مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ بھارت کو افغانستان میں کردار دے دیا گیا، پاکستان کو سنگین دھمکیاں دی گئیں اور بھارت کو پاکستان پر ترجیح دی گئی جب کہ امریکا سی پیک کی مخالفت بھی کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں استحکام اولین ترجیح ہونی چاہیے اور امریکا افغانستان میں شکست کا الزام پاکستان پر لگا رہا ہے، امریکا پاکستان پر حقانی اور طالبان کا ساتھ دینے کا الزام لگاتا ہے جب کہ پاکستان میں دہشت گردی امریکااورمغرب کاساتھ دینے پرہوئی۔

ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ بھارت ہتھیاروں کا ذخیرہ کر رہا ہے جبکہ چین اور روس سے مقابلے کے لیے امریکا خطے میں عدم توازن پیدا کر رہا ہے اور جنوبی ایشیا کی سلامتی دباؤ میں ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں