چیئرمین پیمرا ابصار عالم کی تعیناتی کالعدم قرار، عہدے سے سبکدوش

10:52 AM, 18 Dec, 2017

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے ابصار عالم کی بطور چیئرمین پیمرا تعیناتی کالعدم قرار دیدی۔ جسٹس شاہد کریم نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ چیئرمین پیمرا کو میرٹ سے ہٹ کر تعینات کیا گیا۔ چیئرمین پیمرا کی تعیناتی شفاف طریقے سے نہیں ہوئی۔ فیصلے میں کہا گیا کہ چیئرمین کی تعیناتی سپریم کورٹ کے فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔ حکومت فوری طور پر میرٹ اور قوانین کے مطابق نئی تعیناتی کرے۔

شہری منیر احمد نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ ابصار عالم کو چیئرمین پیمرا تعینات کرنے کے لیے دو مرتبہ اخبار اشتہار جاری کیے گئے۔ پہلے اشتہار کے مطابق ابصار عالم چیئرمین پیمرا کے عہدے کے لیے تعلیمی معیار پر پورا نہیں اترتے تھے۔

ابصار عالم کو تعینات کرنے کے لیے دوبارہ کم تعلیمی قابلیت کا اشتہار جاری کیا گیا۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست گزار کے الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔ واضح رہے عدالت نے تمام دلائل مکمل ہونے کے بعد 29 نومبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد ابصار عالم چیئرمین پیمرا کے عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں