حلب پر قبضے کے بعد ایرانی جنرل سلیمانی کا شہر میں تازہ مٹر گشت

01:50 PM, 18 Dec, 2016

حلب :شام کے شہر حلب میں ایرانی گماشتوں کے ہاتھوں خون کی ہولی کھیلنے کے بعد ایرانی جنرل کھلے عام شہر میں گھوم رہے ہیں۔ایرانی ذرائع ابلاغ نے پاسداران انقلاب کی بیرون ملک سرگرم القس ملیشیا کے سربراہ اور عرب ملکوں میں فوجی مداخلت کے منصوبہ ساز جنرل قاسم سلیمانی کی حلب میں مٹر گشت کی تازہ تصاویر شائع کی ہیں۔
انسانی حقوق کے کارکنوں نے الزام عائدکیا ہے کہ ایران نواز ملیشیا نے حلب میں شہریوں کے انخلا کے پروگرام میں رخنہ اندازی کی مجرمانہ سازشیں شروع کر رکھی ہیں۔ گذشتہ روز بھی اسدی فورسز اور اس کی ایران نواز ملیشیا نے حلب میں چار شہریوں کو گولیاں مار کر قتل اور چھ افراد کو زخمی کردیا۔
انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ مشرقی حلب سے قافلوں کی شکل میں نکل کر محفوظ مقامات کی طرف جانے والے لٹے پٹے شہریوں کو ایرانی اجرتی قاتلوں اور اسدی فوج کے گماشتوں کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔
قافلوں میں شامل شہریوں کو یرغمال بنانے کی بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ گذشتہ روز ایک قافلے کو یرغمال بنانے کی کوشش کی گئی اور فائرنگ کرکے چار افراد کو قتل کر دیا گیا۔

مزیدخبریں