چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ ٹیم سے بہتر کارکردگی کی امید ظاہر کرتے ہوئے شائقین کو کھلاڑیوں پر اعتماد کرنے کا مشورہ دے دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ 'ہماری ٹیم نے گزشتہ سات یا آٹھ برسوں سے مستقل بنیادوں پر غیرملکی دورے نہیں کئے جس سے تھوڑا فرق پڑا ہے لیکن امید ہے کہ ہماری ٹیم بہتر کارکردگی دکھائے گی'۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ 'ہم بہت جلدی اپنا حوصلہ ہار جاتے ہیں اور اپنے ہیروز پر اعتماد کرنا چھوڑ دیتے ہیں لیکن تھوڑا حوصلہ رکھیں اچھے نتائج ملیں گے'۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں پاکستانی بلے باز بری طرح ناکام رہے تھے جبکہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں بھی بلے باز روایتی انداز میں آؤٹ ہوئے۔