سابق پی ٹی آئی وزیر ضیاءآفریدی کے پرویز خٹک پر الزامات

07:19 AM, 18 Dec, 2016

پشاور: تحریک انصاف کے اپنے ہی سابق صوبائی وزیر ضیاءاللہ آفریدی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویزخٹک پر احتساب کمیشن کے ذریعے شریفوں کی پگڑیاں اچھالنے اور سیاسی انتقام لینے کا الزام عائد کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر خان صاحب کو اپنا نظریہ بچاناہے تو پرویز خٹک کی تلاشی لینا ہوگی۔

پشاورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر ضیاء اللہ آفریدی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک کو آڑے ہاتھوں لیا اور دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ کے کرپشن کے تمام ثبوت ان کے پاس ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک ملزم نہیں بلکہ مجرم ہیں،ان صاحب کے نظریے کو بچانے کے لیے پرویز خٹک کی تلاشی لینا ہوگی ۔

ضیاءاللہ آفریدی نے الزام عائد کیا کہ وزیرا علیٰ پر ویز خٹک احتساب کمیشن کو شریفوں کی پگڑیاں اچھالنے اور مخا لفین سے سیاسی انتقام لینے کیلئے استعمال کر رہے ہیں

ان کا کہنا تھا کہ حتساب کمیشن کے جس ڈی جی نے انہیں گرفتار کیا تھا اسی نے پرویزخٹک کو بھی ملزم ٹھہرایا تھا۔

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کا حصہ رہنے والے کئی افراد پر کرپشن کے الزامات ہیں لیکن اس کے باوجود وہ گرفتار نہیں ہوئے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اندھیرے میں رکھا جارہا ہے،یہ سب دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ خان صاحب پرویزخٹک سے مجبور ہیں اور اگر کوئی مجبوری ہے تو وہ ہمیں آگاہ کریں

مزیدخبریں