سڈنی: کرکٹ آسٹریلیا نے ٹیسٹ کرکٹ کے 150 سال مکمل ہونے پر جشن منانے کااعلان کردیا۔
اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا کاکہنا ہے کہ اس سلسلے میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ مارچ 2027 میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہےکہ کرکٹ آسٹریلیا نے 31-2030 سیزن تک کے انٹرنیشنل وینیو رائٹس کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق باکسنگ ڈے ٹیسٹ ایم سی جی اور نیو ایئر ٹیسٹ سڈنی میں ہی ہوں گے۔
ٹیسٹ کرکٹ کے 150 سال مکمل ہونے پر ٹیسٹ میچ کی میزبانی تاریخی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کرے گا۔ 15سے 19 مارچ 1877 میں ٹیسٹ میچ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میلبرن کے گراؤنڈ میں کھیلا گیا تھا، 79-1978 کے سیزن کے بعد پہلی مرتبہ مارچ میں آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ ہو گا۔
آخری مرتبہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ مارچ میں ہوا جو 29 مارچ کو ختم ہوا تھا، ٹیسٹ کرکٹ کے 100 برس مکمل ہونے پر ٹیسٹ 12 سے 17 مارچ 1977 کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہی کھیلا گیا تھا۔