ایکس(ٹوئٹر) کا برازیل میں آپریشن بند کرنے کا اعلان

01:11 PM, 18 Aug, 2024

نیوویب ڈیسک

ایکس: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس(سابقہ ٹوئٹر) نے برازیل میں آپریشن بند کرنےکااعلان کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایکس حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے برازیل کے جج الیگزینڈرا موریس کی جانب سے سینسر شپ کے آرڈرز دیئے جانے کے بعد برازیل میں کام بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس نے دعویٰ کیا ہے کہ برازیل کے جج نے احکامات نہ ماننے پر ایکس کے قانونی نمائندے کو گرفتار کرنے کی دھمکی دی ہے۔سوشل میڈیا کمپنی  کا کہنا ہے کہ برازیل میں اپنی کارروائیاں بند کر رہے ہیں لیکن ملک میں ایکس کی سروس دستیاب رہے گی۔

ایکس کے مالک ایلون مسک کے برازیل کے جج الیگزینڈر ڈی موریس کے ساتھ آزادیٔ اظہارِ رائے، انتہائی دائیں بازو کے اکاؤنٹس بلاک کرنے اور ایکس پر غلط معلومات کے حوالے سے تعلقات پہلے ہی خراب چل رہے ہیں۔

ایکس حکام نے جج الیگزینڈرا موریس کے مبینہ دستخط شدہ کچھ  دستاویزات بھی شائع کی ہیں جن میں فیصلے پر عمل درآمد نا کرنے کی صورت میں روزانہ کی بنیاد پر 3600 ڈالر کا جرمانہ اور برازیل میں ایکس کے نمائندے کی گرفتاری کا حکم شامل ہے۔

یاد رہے کہ 2022ء میں برازیل کی سپریم کورٹ نے مقبول پیغام رسانی کی ایپلی کیشن ٹیلی گرام کو بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزیدخبریں