اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکے پمز ہسپتال نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کی صحت تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں دل کی تکلیف نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شہباز گل کو اڈیالہ جیل سے میڈیکل چیک اپ کیلئے پمز ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کیا گیا تھا اور ان کے چیک اپ کیلئے ہسپتال میں ڈاکٹرز کا 5 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کارڈیک سینٹر میں شہباز گل کا ابتدائی طبی معائنہ کیا گیا اور ہسپتال ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کی صحت تسلی بخش ہے اور انہیں دل کی تکلیف نہیں ہے۔
ہسپتال ذرائع کا کہناہے کہ شہباز گل کے خون کے ٹیسٹ اور ای سی جی کی گئی، شہبازگل کے دل کی دھڑکنیں رات تھیں اور گزشتہ رات ان کی ای سی جی رپورٹ بہتر نہیں آئی تھی اس لئے آج دوبارہ ای سی جی کی جائے گی۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق بے چینی بڑھنے سے بھی دل کی دھڑکنیں تیزہوجاتی ہیں اور سانس لینے میں مشکلات آ جاتی ہیں تاہم انہیں دل کی تکلیف نہیں ہے اور میڈیکل بورڈ آج دوبارہ ان کا معائنہ کرے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماءکی مجموعی میڈیکل رپورٹ آج مرتب کی جائے گی جس کے بعد شہباز گل کو ڈسچارج کرنے یا نا کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔