کراچی: شہر قائد میں آج نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گا جو اپنے روائتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہو گا۔ اس موقع پر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں آج نواں محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور ملک کے بڑے شہروں میں جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت کراچی میں بھی نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نکالا جائے گا جو نشتر پارک سے برآمد ہو گا۔
ذرائع کے مطابق جلوس کی سیکیورٹی پر پولیس کے 5 ہزار سے زائد افسران و جوان تعینات ہیں جن میں خواتین اہلکار، ایس ایس یو کے کمانڈو، آر آر ایف کے جوان بھی شامل ہیں۔ یہ جلوس اپنے روائتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہو گا اور جلوس کے شرکاءمسجد و امام بارگاہ علی رضا پر نماز ظہرین ادا کریں گے۔
جلوس کی سیکیورٹی کیلئے جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ جلوس کی گزرگاہ کو چیک کرے گا، اس کے علاوہ گزرگاہ کی عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔
جلوس کے راستوں کی طرف آنے والے ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا گیا ہے اور کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کے ذریعے جلوس کی نگرانی بھی کی جائے گی جبکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے جلوس کی گزرگاہ پر موبائل فون سروس بھی معطل ہونا شروع ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ سندھ حکومت نے صوبے بھر میں 9 اور 10 محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے جس کے باعث صوبے بھر میں سرکاری ، نیم سرکاری اور نجی ادارے اور دفاتر آج بند رہیں گے۔ 9 اور 10 محرم الحرام کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے جبکہ محکمہ صحت سندھ نے بھی 9 سے 11 محرم الحرام تک تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے۔
کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گا
09:47 AM, 18 Aug, 2021