مساجد اور مزارات پر فلم اور ڈراموں کی ریکارڈنگ پر پابندی عائد

10:31 PM, 18 Aug, 2020

لاہور: پنجاب کی تمام مساجد اور مزارات پر فلم اور ڈراموں کی ریکارڈنگ پر پابندی عائد کردی گئی۔ محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ مساجد میں ریکارڈنگ ہوئی تو متعلقہ آفیسرز ذمہ دارہوں گے۔

ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کاکہنا تھا کہ مسجد وزیر خان میں صبا قمر اور بلال سعید کے رقص سے متعلق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو خط لکھ کر کہا گیا ہے کہ اس ریکارڈنگ کو کہیں بھی نشر نہ کیا جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پیمرا مسجد میں رقص کی عکس بندی پر اداکاروں اور پروڈیوسرز کے خلاف کارروائی کرے۔

ڈائریکٹر جنرل اوقاف کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں مسجد وزیر خان کے منیجر سمیت 3 اہلکار ذمہ دار نکلے ہیں جس پر تینوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تینوں اہلکاروں کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں اور اداکاروں سمیت اہلکاروں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرا دیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں اداکارہ صبا قمر اور اداکار بلال سعید کے البم کے ایک گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں فنکار لاہور کی مسجد وزیر خان میں موجود تھے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی دونوں فنکاروں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور تھانہ اکبری گیٹ میں دفعہ 295 کے تحت دونوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا گیا ہے۔

مزیدخبریں