بھارتی وزیر دفاع کا بیان مقبوضہ وادی کی بدترین صورتحال کا عکاس ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

10:08 PM, 18 Aug, 2019

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان مقبوضہ وادی کی بدترین صورتحال کا عکاس ہے۔ مودی سرکار یکطرفہ اقدامات سے علاقائی امن کو خطرات سے دوچار کرنا چاہتی ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کشمیر سے کرفیو اٹھائے اور حریت کی لیڈرشپ کو بلا کر سری نگر کے کھلے میدان میں عوامی ریفرنڈم کرا کر دیکھ لے، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میں پاکستان اور عالمی میڈیا کو سلام پیش کرتا ہوں۔ واشنگٹن پوسٹ، نیویارک ٹائمز، گارڈین اور الجزیرہ سمیت تمام بین الاقوامی میڈیا کہہ رہا ہے کہ بھارت ظلم کر رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بات چیت سے کبھی انکار نہیں کیا لیکن اب بھارت کس ماحول میں بات کرنے کی بات کر رہا ہے۔ کشمیر میں نہتے لوگوں پر کلسٹر بم پھینکے گئے۔ ایل او سی کی بھارت مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے جبکہ کشمیر کا تیسرا فریق پابند سلاسل ہے۔

 

مزیدخبریں