بھارت کے ایٹمی ہتھیار فاشسٹ مودی حکومت کے ہاتھ لگ چکے ہیں،وزیراعظم

بھارت کے ایٹمی ہتھیار فاشسٹ مودی حکومت کے ہاتھ لگ چکے ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا کو خبردار کیا ہے کہ بھارت کے ایٹمی ہتھیار فاشسٹ مودی حکومت کے ہاتھ لگ چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی سائٹ پر ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت پر ہندونسل پرست، فاشسٹ قیادت اور آئیڈیالوجی نے ایسے ہی قبضہ جمالیا ہے جیسے نازیوں نے جرمنی پر قبضہ جمایا تھا، اس سے وادی کے 90 لاکھ کشمیریوں کی زندگی خطرے میں پڑگئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری 2 ہفتے سے محاصرے میں ہیں، دنیا میں خطرے کی گھنٹیاں بج رہی ہیں، یہ خطرہ پاکستان اور بھارتی اقلیتوں تک وسیع ہورہا ہے جب کہ اقوام متحدہ کے مبصرین بھی مقبوضہ کشمیر میں بھیجے جارہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مودی کی فاشسٹ قیادت سے نہرو اور گاندھی کے بھارت کو بھی خطرہ ہے، دنیا بھارت کے ایٹمی ہتھیاروں کی سکیورٹی سنجیدگی سے لے، بھارت کے ایٹمی ہتھیارفاشست مودی حکومت کے ہاتھ لگ چکے ہیں، یہ ایسا معاملہ ہے جو صرف خطے کو نہیں پوری دنیا کو متاثر کر رہا ہے۔