لاہور: پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر اور رکن صوبائی اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا منصب ملنا ہمارے لیے منزل نہیں نشان منزل ہے، اصل کام اب شروع ہو گا اور پی ٹی آئی اپنے منشور کے مطابق ہر شعبے میں دیرپا اور قابل عمل تبدیلی لاتے ہوئے عوام کے خوابوں کو عملی تعبیر دے گی-
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ تبدیلی لا کر رہیں گے اور اس کے راستے میں آنے والی رکاوٹ کو عبور کریں گے، تحریک انصاف کے کارکنوں کا عزم مزید پختہ ہو گیا - وہ22سالہ سیاسی جدوجہد رنگ لائی ہے جس کیلئے پی ٹی آئی کے کارکنوں نے دھرنے دیے،لانگ مارچ کیا ، ریلیاں نکالیں اور لاک ڈاؤن ہوئے.
انہوں نے کہا کہ کل تک عمران خان اوراُن کی ٹیم کا مذاق اڑانے والی آج دانتوں کے تلے انگلیاں دبائے بیٹھے ہیں اور حواس باختگی کے عالم میں ابھی بھی بے پر کی راگنیاں گا رہے ہیں -
انہوں نے مختلف اضلاع کے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ ملک کی کشتی کو بحرانوں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کے ساحل پر لائیں گے ،عمران خان ساری قوم کا مان بن گئے ہیں ، ہر کھلاڑی اپنے کپتان کا بھرپور ساتھ دے گا اور ملنے والی نئی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے تن من اور دھن کی بازی لگا دیں گے -
انہوں نے کہا کہ کپتان نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ دھن کا پکا ہے ،انہوں نے وزارت عظمیٰ کے حلف اور وزیر اعظم ہاؤس میں رہائش کے بارے میں جو فیصلہ کیا تھا اُس پر قائم رہ کر نئی مثال قائم کی ہے اور اپنے تقریب حلف برداری میں سادگی اختیار کر کے واضح کیا ہے کہ وہ آئندہ بھی ملک کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے-