لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ،65سالہ بزرگ شہری جاں بحق

05:57 PM, 18 Aug, 2018

آزاد کشمیر: لائن آف کنٹرول ( ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 65 سالہ شہری جاں بحق ہوگیا۔

 (آئی ایس پی آر) کے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے دننا سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں موجی گاؤں کے رہائشی 65 سالہ بزرگ ذوالفقار علی جاں بحق ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا اور دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔

بھارت کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیزی کچھ ہفتوں کے سکون کے بعد دوبارہ دیکھنے میں آئی اور بھارت کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔

مزید واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا تھا اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا تھا۔اور اس سے قبل دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز نے جنگ بندی معاہدے کو دوبارہ بحال کرنے کے حوالے سے 29 مئی کو ملاقات کی تھی۔

بھارت کے ڈی جی ایم او کی جانب سے اس بات پر  یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ اس طرح کی کسی بھی کارروائی سے گریز کیا جائے گا، جس سے ایل او سی کا ماحول خراب ہو جبکہ پاکستانی ہم منصب کی جانب سے بھی وعدہ کیا گیا تھا کہ اگر بھارت کے الزامات سے متعلق ’قابل عمل معلومات‘ فراہم کی جائے گی تو ان کی تحقیقات کی جائیں گی۔

تاہم پاکستانی ڈی جی ایم او نے بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور بتایا تھا کہ بھارت کی طرف  سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا اور 29 مئی سے اب تک 4 افراد جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ’ بھارت کی جانب سے اس طرح کی کارروائی لائن آف کنٹرول پر امن کے لیے انتہائی خطرناک ہے‘۔

بیان کے مطابق پاکستانی ڈی جی ایم او کی جانب سے ایل او سی کے اس پار اسلحے اور فوجیوں کی غیر قانونی نقل و حمل پر بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا اور بھارتی حکام سے کہا تھا کہ اس طرح کی سرگرمیاں ماحول خراب کرنے کے مترادف ہیں، جس پر بھارتی ڈی جی ایم او نے اس طرح کے اقدام نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
 

مزیدخبریں