عمران خان کے چیلنج نے مجھے ریٹائر ہونے سے روک دیا ، سنیل گواسکر

12:29 PM, 18 Aug, 2018

نئی دہلی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے نو منتخب وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمران ہی تھے جنہوں نے مجھے جلد ریٹائرمنٹ سے روکنے کےلئے چیلنج دیا تھا کہ وہ بھارت کو ہرانا چاہتے ہیں لیکن اگر ٹیم میں سنیل گواسکر نہ ہوئے تو مزہ نہیں آئے گا۔

سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ 1986 میں انگلینڈ کے دورے کے اختتام پر جب میں نے عمران کو اپنی ریٹائرمنٹ کے ارادے سے آگاہ کیا تو انہوں نے مجھے روک دیا اور کہا کہ اگلے سال پاکستان بھارت کو شکست دینے بھارت آ رہا ہے اور اگر تم ابھی ریٹائرہو جاوو¿ گے تو مزہ نہیں آئے گا۔چلو ایک دوسرے کے خلاف ایک آخری میچ کھیلتے ہیں۔

سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ وہ اور عمران ایک دوسرے کو 1971 سے جانتے ہیں ، 1992 کے ورلڈ کپ سے پہلے ہی عمران خان نے ورلڈ کپ جیتنے کا پختہ ارادہ کر لیا تھا اور کر دکھایا۔ورلڈ کپ جیتنے کے بعد وہ اپنی والدہ کی یاد میں شوکت خانم اسپتال کی تعمیر میں مصروف ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ واحد وزیر اعظم ہوں گے جنہوں نے بیشتر بار بھارت کا دورہ ایک عام شہری کی طرح کیا ، وہ بھارت آکر نا صرف اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات کرتے بلکہ راہ چلتے ایک عام شہری سے بھی ملتے۔انہیں معلوم ہے اکثر بھارتی انہیں وزیر اعظم کے روپ میں دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی حلف برداری کے موقع پر سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر مصروفیات کی بنا پر شرکت تو نہ کر سکے مگر انہوں نے عمران خان کے ساتھ گزارے پرانے وقت کو یاد کیا ہے۔

مزیدخبریں