چیف جسٹس نے شہری کو زدوکوب کیے جانے کا نوٹس لے لیا

چیف جسٹس نے شہری کو زدوکوب کیے جانے کا نوٹس لے لیا
کیپشن: چیف جسٹس نے عمران عملی شاہ اورشہری داؤد چوہان کو تین روز میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کر دی۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے پاکستان تحریک انصاف کے رکنِ صوبائی اسمبلی عمران شاہ کی جانب سے شہری کو زدوکوب کیے جانے کے واقعے پر ازخود نوٹس لے لیا۔

سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں نوٹس لیتے ہوئے چیف جسٹس نے رکنِ سندھ اسمبلی عمران عملی شاہ اورشہری داؤد چوہان کو تین روز میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کر دی۔

چند روز قبل کراچی کے حلقے پی ایس 129 سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے رہنما عمران علی شاہ کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہیں ایک شہری پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ڈاکٹر عمران علی شاہ کو شہری پر تھپڑوں کی بارش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا اور اس دوران ان کے گارڈز بھی برابر میں کھڑے تھے۔

جب ویڈیو سوشل میڈیا پر عوام کی توجہ کا مرکز بنی اور اس پر تنقید کی جانے لگی تو پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی نے واقعے کی وضاحتی ویڈیو جاری کی اور عوام سے معافی مانگی اور کہا کہ انہوں نے مذکورہ شخص کو صرف دھکا دیا تھا جبکہ ویڈیو میں انہیں متعدد بار شہری پر تھپڑ مارتے ہوئے واضح طور پر دیکھا گیا تھا۔

بعد ازاں عمراہ شاہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مذکورہ شہری جس کی شناخت داؤد کے نام سے کی گئی تھی، کے ساتھ تصویریں لگائیں جس میں ان کو شہری کو گلے لگاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

مذکورہ واقعے پر سخت عوامی ردعمل کے بعد تحریک انصاف نے عمران شاہ کی بنیادری رکنیت معطل کر دی تھی اور پارٹی کے سندھ ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران علی شاہ کی پارٹی رکنیت صوبائی ڈسپلنری کمیٹی کے حتمی فیصلے آنے تک معطل رہے گی۔