وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز وزیر اعظم کے قومی صحت پروگرام کو ملک کے تمام حصوں تک پہنچائے، شاہد خاقان عباسی

07:09 PM, 18 Aug, 2017

اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کو ہدایت کہ ہے کہ وہ وزیر اعظم کے قومی صحت پروگرام کو ملک کے تمام حصوں تک پہنچانے اور معاشرے کے غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ تشکیل دے ۔وزیر اعظم نے مزید  ہدایت کی  کہ ڈرگ رجسٹریشن اور قیمتوں کے حوالے سے پالیسی بارے ریگولیٹری طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے تا کہ ڈرگ مینو فیکچرز کو سہولت دینے کے علاوہ صارفین کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں مختلف ڈرگز کی رجسٹریشن اور قیمتوں کے تعین کے بارے میں موجودہ بیک لاگ کا نوٹس لیتے ہوئے۔

وزیر اعظم نے وزارت کو ہدایت کی کہ وہ یہ بیک لاگ ختم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹوں کے اندر روڈ میپ پیش کرے یہ ہدایات وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے  وزیر اعظم ہاؤس میں وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز سے متعلق معاملات پر ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں نیشنل ہیلتھ سروسز کی وزیر سائرہ افضل تارڈ اور وزارت کے سینئر عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی اس موقع پر وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے نیشنل ہیلتھ سروسز کی وزیر نے آگاہ کیا کہ حکومت نے مختلف شعبوں میں خاص کر گزشتہ دو سالوں کے دوران بڑی اصلاحات متعارف کی ہیں جن میں جامع ڈرگ پرائسز پالیسی متعارف کرنا وزیرا عظم کا قومی صحت پروگرام شروع کرنا، وبائی امراض سے بچاؤ  کے لیے توسیع شدہ پروگرام کے تحت بچوں کی ویکسینیشن میں اضافہ، ملک میں پولیو کیسز میں مناسب حد تک کمی، مہلک بیماریوں کے علاج کے لیے وزیر اعظم کے پروگرام کو شروع کرنا ،خواتین اور بچوں کے لیے وبائی امراض سے بچاؤ  سے متعلق اقدامات کے لیے مالی استحکام بارے کامیاب مذکرات شامل ہیں۔

وزیر اعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا وزیر اعظم کا قومی صحت پروگرام جو پہلے مرحلہ میں ملک کے 26اضلاع میں شروع کیا گیا تھا اس سے 30لاکھ سے زائد خاندان مستفید ہوں گے جو کہ ملک کے اندر سرکاری صحت اقدامات کا سب سے بڑا قدم ہے وزیرا عظم نے قومی صحت پروگرام کے تحت کی گئی پیشرفت کی تعریف کی اور وزارت کو ہدایت کی کہ وہ اسکے نتائج کو توسیع دینے کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر کام کریں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان سے متعلق معاملات پر بات کرتے ہوئے وزیرا عظم نے کہا کہ ریگولیٹری پالیسیوں اور طریقہ کار کا مقصد بین الاقوامی کے ساتھ مقامی ڈرگ مینو فیکچرز کو سہولیات کی فراہمی ہونا چاہیے اسکے علاوہ اسکا مقصد تیارکنندگان میں صحت مند مقابلے کے رجحان کو فروغ دینا ہونا چاہیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت تاجروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے تا کہ مارکیٹس مزید فروغ پائیں انہوں نے کہا کہ ریگولیٹرز کا کام صارفین کا تحفظ اور تاجر برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہونا چاہیے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
 

مزیدخبریں