وزیراعظم کی بارسلونا میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت

11:55 AM, 18 Aug, 2017

اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بارسلونا میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی گہرے دکھ درد اور غم و رنج کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم ہاوس سے جمعے کو جاری ایک تعزیتی پیغام کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سپین کے شہر بارسلونا میں نہتے عوام پر دہشت گردانہ حملے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیا اور کہا کہ ایسے حملے کر کے دہشت گرد عوام کے حوصلے پست کرنا چاہتے ہیں لیکن سپین کے عوام آزدی کے دفاع کی روشن تاریخ رکھتے ہیں لہذا ایسے بزدلانہ حملے ان کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بھی بارسلونا میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ہم بحثیت قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور جانتے ہیں کہ دہشت گرد حملوں کے عوام پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو دہشت گردی کے خلاف یکجا کیا جائے اور ان کے حوصلے مضبوط کیے جائیں تاکہ انتہا پسندانہ سوچ کو تقویت نہ ملے جبکہ پاکستان نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھنکنے کا عزم کر رکھا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں