بارسلونا: دوسرا حملہ ناکام بنا دیا گیا، پانچ مشتبہ ملزمان ہلاک

10:10 AM, 18 Aug, 2017

بارسلونا: بارسلونا میں کار حملے میں 13 افراد کی ہلاکت کے بعد دہشت گرد ایک دوسرا حملہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ کیمبرلز میں بھی حملہ آوروں نے جمعے کی صبح ایک گاڑی سے لوگوں کو کچلنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق کیمبرلز میں دہشت گرد حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پانج مشتبہ افراد کو ہلاک کر دیا گیا ۔ پولیس کی جانب سے تاحال حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ بارسلونا حملے میں ملوث ہونے کے شک میں 2 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ بارسلونا میں پیش آئے واقعہ میں 13 افراد کی ہلاکت کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کر لی ہے۔

ادھر اسپین کے شہر بارسلونا میں دہشت گرد حملے کی عالمی برادری کی جانب سے مذمتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہسپانوی وزیرِ اعظم نے بارسلونا  حملے کو جہادیوں کا حملہ قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔

امریکی نائب صدر اور امریکی وزیرِ خارجہ نے بارسلونا حملے کی شدید الفاظ میں مذحمت کی اور امریکا نے تحقیقات کے لیے تعاون کی پیشکش کر دی۔ اسپین کی خود مختار کمیونٹی'کیٹالونیا ' کے صدر کی جانب سے بھی واقعے کی شدید مذمت کی گئی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں