عمر کوٹ الیکشن : سیاسی مخالفین " ایک پیج "پر ہونے کے باوجود بھی پی پی پی کو شکست نہ دے سکے، بلاول کا طنز

عمر کوٹ الیکشن : سیاسی مخالفین

حیدرآباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ اور پاکستان کے عوام کینال منصوبے کو مسترد کرتے ہیں، اور پیپلزپارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے جنگ لڑتی رہی ہے۔

حیدرآباد میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے عمر کوٹ میں قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی پر کہا کہ سندھ کے عوام نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف اور ن لیگ ایک ہی صفحے پر تھے، مگر عوام نے انہیں تاریخی شکست دی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وفادار ووٹرز نے اسلام آباد کو یہ واضح پیغام دیا کہ سندھ کے عوام آج بھی شہید بے نظیر بھٹو اور صدر آصف زرداری کے ساتھ کھڑے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کی جنگ لڑی ہے، اور کینال منصوبے کے خلاف ہمارے اصولی موقف کا مقصد پاکستان کے وفاقی مفادات اور سندھ کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ لڑائی ان کی اور عوام کی مشترکہ لڑائی ہے، جو انہوں نے اپنے والدین اور شہید بے نظیر بھٹو سے وراثت میں حاصل کی ہے۔

بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس وقت جب ملک میں دہشت گرد تنظیمیں مختلف علاقوں میں حملے کر رہی ہیں، متنازعہ کینال منصوبہ وفاق کے لیے مزید مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو سندھ کے حقوق نظر انداز کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، اور پیپلزپارٹی ہمیشہ سندھ کے عوام کے مفادات کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔