لاہور میں خواتین کے قتل، اغوا اور زیادتی کے واقعات میں خطرناک اضافہ

لاہور میں خواتین کے قتل، اغوا اور زیادتی کے واقعات میں خطرناک اضافہ

لاہور:لاہور میں رواں سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران خواتین کے خلاف جرائم میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق جنوری سے مارچ 2025 کے دوران 28 خواتین کو قتل کیا گیا، 151 خواتین کے ساتھ زیادتی جبکہ 1,182 خواتین کے اغوا کے مقدمات پولیس میں درج کیے گئے۔

پولیس کے مطابق، اغوا ہونے والی خواتین میں سے 988 کو بازیاب کرا لیا گیا، جبکہ 194 خواتین تاحال لاپتہ ہیں۔ ان واقعات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

مزید رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک افسوسناک واقعے میں بارات کی آمد سے چند گھنٹے قبل دلہن کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ شمالی چھاؤنی کے علاقے میں نالے سے ایک بچی اور ایک خاتون کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں، جب کہ باغبانپورہ سے 14 سالہ لڑکی کی گلا کٹی لاش ملی۔ شاہدرہ میں بھی 22 سالہ لڑکی کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر قتل کر دیا۔

شہری حلقوں اور سماجی تنظیموں نے ان بڑھتے ہوئے جرائم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔