فلورملز انڈسٹری کو بحران کے پیش نظر برآمدات کی اجازت دی جائے: چیئرمین فلورملز ایسوسی ایشن

فلورملز انڈسٹری کو بحران کے پیش نظر برآمدات کی اجازت دی جائے: چیئرمین فلورملز ایسوسی ایشن

لاہور: چیئرمین فلورملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فلورملز کو گندم کے بجائے گندم سے بنی مصنوعات کی برآمد کی اجازت دی جائے تاکہ انڈسٹری کو درپیش بحران سے نکالا جا سکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاصم رضا نے کہا کہ فلورملز انڈسٹری گزشتہ کئی برسوں سے شدید مالی مشکلات کا شکار ہے۔ حکومت نے گندم کی خریداری قیمت 3900 روپے مقرر کی تھی جبکہ فلورملز نے مارکیٹ سے 3600 سے 3700 روپے میں گندم خریدی، لیکن حکومتی نوٹیفکیشن کے باعث انڈسٹری کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ فلورملز کو اسمگلرز کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، حالانکہ انڈسٹری کے تحفظ اور ترقی کے لیے ضروری ہے کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت کی اجازت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلورملز کو کسی قسم کا ریلیف یا پیکج نہیں دیا جا رہا، جبکہ انہیں ایک واضح ٹریڈ پالیسی کی اشد ضرورت ہے۔

چیئرمین ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ آبیانہ اور فکس ٹیکس میں چھوٹ دی جائے، چار ماہ کی مفت اسٹوریج کی سہولت فراہم کی جائے اور گندم و آٹے کی نقل و حرکت پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں فلورملز کی اتنی گنجائش ہے کہ پورے ایشیا کو آٹا فراہم کیا جا سکتا ہے، اس لیے گندم کی بجائے گندم مصنوعات کی برآمد کی اجازت دینا ملک کے لیے زیادہ فائدہ مند ہوگا۔