پولیس وردی کی تضحیک پر ٹک ٹاکر کاشف ضمیر گرفتار، لاہور منتقلی جاری

پولیس وردی کی تضحیک پر ٹک ٹاکر کاشف ضمیر گرفتار، لاہور منتقلی جاری

لاہور:سوشل میڈیا پر پولیس وردی کی تضحیک کے معاملے میں لاہور پولیس نے معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق، گرفتاری کے بعد ملزم کی لاہور منتقلی کا عمل جاری ہے، جہاں اس کے خلاف درج مقدمات کی تفتیش کی جائے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کاشف ضمیر نے ایک تقریب کے دوران پولیس یونیفارم پہنے اہلکار کو نوٹوں سے بھری تھال تھمائی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ اس عمل کو پولیس کی ساکھ مجروح کرنے کے مترادف قرار دیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کاشف ضمیر اور ویڈیو میں نظر آنے والے پولیس اہلکار کے خلاف دو مقدمات درج کیے، جن میں پیکا ایکٹ اور دیگر قابلِ تعزیر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملزم نے بچنے کے لیے ویڈیو میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے ترمیم کر کے وردی کا رنگ تبدیل کرنے کی کوشش کی، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اصل مواد کی مدد سے حقائق جان لیے۔

حکام کے مطابق، تفتیش جاری ہے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔