لاہور ہائیکورٹ کا موٹر سائیکل رکشوں کی کمپنیوں کو بند کرنے کا حکم، سموگ تدارک کیس میں اہم فیصلے

03:13 PM, 18 Apr, 2025

لاہور:سموگ تدارک کے کیس میں لاہور ہائی کورٹ نے موٹر سائیکل رکشوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر ان رکشوں کو روکنے کی کوششیں نہ کی گئیں تو یہ شہر کے مختلف حصوں میں پھیل جائیں گے۔ عدالت نے موٹر سائیکل رکشہ بنانے والی کمپنیوں کو تین ماہ کے اندر ریگولیٹ ہونے کا وقت دیتے ہوئے، ان کمپنیوں کو بند کرنے کی تجویز دی ہے۔

عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل سے یہ بھی استفسار کیا کہ مال روڈ پر موجود مظاہرین کا مسئلہ کیا ہے اور انہیں کسی دوسرے علاقے میں منتقل کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ لاہور ہائیکورٹ نے پی ایس ایل ایونٹ کے دوران شہر کے بعض علاقوں میں سڑکوں کی بندش پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا، اور کہا کہ اس سے نہ صرف شہر کی سکیورٹی کے حوالے سے غیر محفوظ تاثر ملتا ہے، بلکہ آلودگی بھی کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔

سی ٹی او لاہور نے عدالت کو آگاہ کیا کہ موٹر سائیکل رکشوں اور لوڈر رکشوں کی اجازت دینا ایک سنگین مسئلہ ہے، اور ان کے حادثات کی وجہ سے متعدد انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ عدالت نے موٹر سائیکل رکشوں کو فوری طور پر کنٹرول کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور آئندہ سماعت پر وزیراعلیٰ کو بھجوائی گئی سمری کی رپورٹ طلب کی

مزیدخبریں