فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی: وانی کپور نے اداکار کی تعریفوں کے پل باندھ دیے

فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی: وانی کپور نے اداکار کی تعریفوں کے پل باندھ دیے

ممبئی:پاکستان کے معروف اداکار فواد خان نو سال کے طویل وقفے کے بعد بالی ووڈ میں اپنی واپسی کر رہے ہیں اور ان کی اس واپسی کو شائقین کے ساتھ ساتھ ان کی ساتھی اداکارہ وانی کپور نے بھی بھرپور سراہا ہے۔ دونوں اداکاروں کی آنے والی رومانوی ڈرامہ فلم عبیر گلال میں اہم کردار ہیں، جس کی شوٹنگ برطانیہ میں کی گئی ہے۔

فلم کی کہانی محبت، جذبات اور تعلقات کے گرد گھومتی ہے۔ فلم کی ریلیز سے قبل وانی کپور نے ایک انٹرویو میں فواد خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر بات کی اور ان کی بھرپور تعریف کی۔ وانی کپور کا کہنا تھا، "فواد کے ساتھ کام کرنا ایک خوشگوار تجربہ تھا۔ وہ نہ صرف باصلاحیت اداکار ہیں بلکہ ان کا دماغ بھی ایک شاندار تخلیقی ساتھی کی مانند کام کرتا ہے۔ وہ ایک ایسے فنکار ہیں جنہیں سینما کے لیے پیدا کیا گیا ہے۔ انہیں پردے پر دیکھنا خوشی کی بات ہے۔"

فلم عبیر گلال کے ٹریلر اور دو گانے پہلے ہی ریلیز ہو چکے ہیں اور ان کی پذیرائی سوشل میڈیا پر ہو رہی ہے۔ فواد خان کے مداح انہیں ایک بار پھر بڑے پردے پر دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں، اور یہ فلم ان کے بالی ووڈ کیریئر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔