لدھا : جنوبی وزیرستان (اَپر) کے عوام کیلئے ایک بڑی اور خوش آئند پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ضلعی ہیڈکوارٹرز کو ٹانک سے منتقل کر کے اب لدھا میں قائم کر دیا گیا ہے۔ اس اہم فیصلے کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سرکاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
اس سے قبل تمام ضلعی دفاتر ٹانک میں واقع تھے، جس کے باعث جنوبی وزیرستان کے رہائشیوں کو معمولی سرکاری کاموں کیلئے بھی طویل اور پرمشقت سفر کرنا پڑتا تھا۔ دفاتر کی لدھا منتقلی سے عوام کو نہ صرف وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی بلکہ ان کی روزمرہ زندگی میں نمایاں آسانی بھی آئے گی۔
نئے ضلعی ہیڈکوارٹر کے قیام کے بعد ایک اعلیٰ سطح اجلاس کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلعی ہیڈکوارٹر لدھا میں عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
حکام کے مطابق تمام محکمے اب لدھا سے مؤثر انداز میں کام کریں گے اور شہریوں کو بروقت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس اقدام کو وزیرستان میں انتظامی بہتری، ترقی اور دیرپا امن کے ایک اہم سنگ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
مقامی عمائدین اور عوامی حلقوں نے اس فیصلے کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز اور خیبرپختونخوا حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔ عوام نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس پیشرفت سے علاقے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔