سعودی وزیر دفاع کا ایران کا دورہ، آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات

09:56 AM, 18 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

تہران: سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایران کے سرکاری دورے پر تہران پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری نے کیا تھا ۔

بین الاقوامی  میڈیا کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات کی اور انہیں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ پیغام کے مندرجات سامنے نہیں آئے، تاہم اسے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کا اہم اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ملاقات کے دوران آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم ہیں اور ایران ان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سنجیدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو آگے بڑھانے کی راہ میں جو بھی رکاوٹیں ہیں، انہیں دور کیا جائے۔

یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان رواں ہفتے روم میں جوہری مذاکرات ہونے جا رہے ہیں، جس سے خطے کی سفارتی سرگرمیوں میں نئی ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ ایران اور سعودی عرب نے 2023 میں چین کی ثالثی کے نتیجے میں برسوں کی کشیدگی کے بعد دوبارہ سفارتی تعلقات بحال کیے تھے۔ اس سے قبل بھی دونوں ممالک کے عسکری حکام کے درمیان ملاقاتیں ہو چکی ہیں، جنہیں خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں