اسلام آباد: خیبر پختونخوا میں قومی ذیلی پولیو مہم ملتوی کردی گئی۔ یہ فیصلہ سکیورٹی کی عدم دستیابی کے باعث ہوا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی حکومت نے پولیو مہم کے لیے سکیورٹی فراہمی سے معذرت کرلی تھی ۔ کے پی پولیس ضمنی بلدیاتی الیکشن کے باعث پولیو مہم کے لیے دستیاب نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیو مہم ملتوی کرنے کا فیصلہ خیبر پختونخوا حکومت نے کیا ہے، ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے کے پی پولیو پروگرام کو فیصلے سے آگاہ کر دیا، خیبر پختونخوا حکومت نے وفاق کو بھی پولیو مہم کے التوا بارے آگاہ کر دیا ہے۔
26 اضلاع میں شیڈول پولیو مہم کے پی حکومت کی درخواست پر ملتوی ہوئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں ذیلی پولیو مہم 29 اپریل سے شروع ہونا تھی، لیکن اب یہ 6 مئی سے شروع ہوگی، جب کہ صوبے میں ضمنی بلدیاتی الیکشن 28 اپریل کو ہوگا۔