پشاور: خیبرپختونخوا میں گلیشئیرز پگھلنے سے 9 اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
خیبرپختونخوا میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری بارشوں کا سلسلہ تھم گیا لیکن محکمہ موسمیات نے آج رات سے بیشر اضلاع میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 23 سے 29 اپریل تک ایک اور برساتی سسٹم پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔چترال، سوات، مانسہرہ، کرم، اپر اور لوئر دیر، کوہستان میں بارشوں سے سیلاب آ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے صوبے کے 9 اضلاع میں گلیشیئر پگھلنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا الرٹ جاری کیا ہے اور متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو کسی بھی بڑے حادثے سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات اٹھانے، فیلڈ اسٹاف کو صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے وارننگ جاری کر دی کہ پیشگی حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو سیلابی صورتحال سے بھاری جانی و مالی نقصان ہوسکتا ہے۔ نشیبی علاقوں کی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی۔
پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع کنٹرول روم نمبر1700 پر دے سکتے ہیں۔