راولپنڈی : پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز آج سے شروع ہورہی ہے، سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جو شام 7 بجے شروع ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز شروع ہونے سے قبل گزشتہ روز تیاریوں کے طور پر دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی۔ ٹریننگ سے قبل سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی ہوئی جس میں پاکستانی کپتان بابر اعظم اور کیوی کپتان مائیکل بریسویل شریک ہوئے۔
اس موقع پر کیوی کپتان مائیکل بریسویل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے، کوشش ہوگی کہ پاکستان کے خلاف اچھا کھیل پیش کریں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ اس سیریز میں ورلڈکپ سے قبل تمام کھلاڑیوں کو موقع دینےکی کوشش کریں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ پی ایس ایل کے بعد کاکول کیمپ میں فٹنس پر کام کیا، پاکستان کے لیے کھیلنے والے کھلاڑی پرفارمنس دے کر آئے ہیں، شاداب اور عماد کے ٹیم میں آنے سے بیٹنگ مضبوط ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی 3 میچز ہوں گے جبکہ باقی 2 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔