اسلام آباد : حکومتی اتحادیوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان سے مذاکرات کے معاملے پر اصرار کیا۔ چھوٹی جماعتیں بھی مذاکرات کے حوالے سے بلاول بھٹو کے مؤقف کی حامی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی موقف ہے کہ عمران خان کوئی سیاسی قوت نہیں، اس لئے ہم پی ٹی آئی سے ڈائیلاگ کی مخالفت کرتے ہیں ۔ شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ہم ڈائیلاگ کے عمل کے مخالف نہیں تاہم عمران خان ایک جھوٹا انسان ہے، جو بھروسے کے لائق نہیں ۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بات چیت کے دروازے بند کرلینا نہ صرف ہمارے اصولوں کے برخلاف ہے بلکہ یہ غیرجمہوری اور غیرسیاسی بھی ہے ۔یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ڈائیلاگ کا راستہ اختیار کرکے ملک کو بحران سے نکالا جائے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونےوالےحکومتی اتحادیوں کےاجلاس میں عمران خان سے مذاکرات کے معاملےپراختلافات سامنے آگئے ہیں۔ اجلاس کسی بھی قسم کے اتفاق رائے کے بغیر ختم ہوگیا۔اس معاملے میں ایم کیو ایم ، بی این پی مینگل،اے این پی، خالد مگسی، چوہدری سالک،محسن داوڑ و دیگر نے مذاکرات کےحوالےسےبلاول بھٹو کے مؤقف کی تائید کی۔