اسلام آباد:پاکستان نے سویڈن اور ہالینڈ میں حالیہ اسلامو فوبک واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سویڈن میں ریلیوں کے دوران قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میںکہا گیا کہ پاکستان ایک ڈچ سیاستدان کی طرف سے اسلام اور مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان پر حملہ کرنے والے جارحانہ ریمارکس کی بھی شدید مذمت کرتا ہے۔یہ بے ہودہ اشتعال انگیز اسلامو فوبک واقعات پوری دنیا میں بسنے والے 1.5 بلین مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے علاوہ کوئی مقصد نہیں رکھتے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایسی کارروائیاں آزادی اظہار رائے کے جائز اظہار کے تحت نہیں آتیں، جو انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے تحت ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ انسانی حقوق کا بین الاقوامی قانون نفرت انگیز تقریر کرنے اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے کو آزادی اظہار کے طور پر قبول نہیں کرتا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ مسلمان بشمول پاکستانی اسلام، عیسائیت اور یہودیت کی توہین کرنے کے عمل کی واضح طور پر مذمت کرتے ہیں۔ تمام مسلمان مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر ہونے والے ہر طرح کےتشدد کے خلاف کھڑے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مذہب کے احترام کےاصولوں کا سب کو یکساں احترام اور حمایت کرنی چاہیے۔بین الاقوامی برادری کو مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر جنسی نفرت، عدم برداشت اور تشدد پر اکسانے کے خلاف مشترکہ عزم ظاہر کرنے کی ضرورت ہے۔بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ او آئی سی کی ایما پر پاکستان کی قیادت میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کے پیچھے یہی جذبہ کار فرما تھا۔ پاکستان کے تحفظات سے سویڈن اور ہالینڈ کے حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا ادراک کرتے ہوئے اسلامو فوبیا واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں۔