کراچی:سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس کو غلطی قرار دینے کے بیان پر سابق وزیر قانون فروغ نسیم نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان نے خود جسٹس فائز کیخلاف ریفرنس دائر کرنے پر اصرار کیا تھا ۔
تفصیلات کے مطابق فروغ نسیم کا کہنا تھاکہ عمران خان کے خلاف بات نہیں کرنا چاہتا لیکن حقائق کی تصحیح ضرور چاہتا ہوں،انہوں نے کہا کہ جسٹس فائز عیسی کے معاملے کی سمری ایک حساس معاملہ تھا، ہر پہلو کو جانچا گیا، جسٹس قاضی فائز عیسی کے ساتھ میرا ذاتی تنازع نہ تھا نہ ہے۔
فروغ نسیم کا کہنا تھاکہ عمران خان نے خود جسٹس فائزعیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے پر اصرار کیا، انہوں نے اے آر یو کے مواد کی روشنی میں ریفرنس دائر کرنے پر اصرار کیا تھا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں اعتراف کیا ہے کہ جسٹس قاضی فائزعیسی کیخلاف دائر کیس غلطی تھی، جسٹس فائز عیسیٰ کیخلاف کارروائی غیرضروری سمجھتا ہوں۔انہوں نے کہا تھا کہ وزیرقانون نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے مختلف فلیٹس اوراثاثوں پربریف کیاتھا۔