سردار تنویر الیاس بلامقابلہ وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہو گئے

01:37 PM, 18 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

مظفرآباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سردار تنویر الیاس بلا مقابلہ وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہو گئے ہیں جو جلد ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ دوپہر ڈیڑھ بجے ہونا تھی لیکن متحدہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے ہونے والے اجلاس کا بائیکاٹ کیا گیا اور پی ٹی آئی امیدوار کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں تھا جس کے باعث وہ بلامقابلہ وزیراعظم منتخب ہو گئے۔ 
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سردار تنویر الیاس نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جنہیں سیکرٹری اسمبلی نے درست قرار دیا جس کے بعد وہ بلا مقابلہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔ 
دوسری جانب متحدہ اپوزیشن اراکین اسمبلی سے باہر نکلے تو پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کیا جس دوران کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی کے باعث متحدہ اپوزیشن کے ارکان اسمبلی عمارت میں واپس چلے گئے اور سپیکر سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی جس پر انہوں نے پانچ وزراءکو برطرف کرنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ 

مزیدخبریں