اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءمفتاح اسماعیل کو مشیر خزانہ بنانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں جو انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق مفتاح اسماعیل مشیر خزانہ بننے کے ساتھ آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات کریں گے اور پاکستان قرض پروگرام میں آئی ایم ایف سے رعایت بھی مانگے گا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض پروگرام کی ساتویں قسط طے ہونا باقی ہے اور معاشی نظم و ضبط اور اصلاحات کیلئے آئی ایم ایف پروگرام ضروری ہے۔
دوسری جانب مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کیساتھ ساتویں جائزہ مذاکرات آج ہوں گے جس کیلئے تیاری کر رہا ہوں کیونکہ آئی ایم ایف سے تعاون اور تعلق برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ذرائع کا دعویٰ ہے ساتویں جائزے کی منظوری کیلئے آئی ایم ایف نے تیل کی قیمت اور پیٹرولیم لیوی بڑھانے کا مطالبہ کر رکھا ہے اور اس کے علاوہ انکم ٹیکس سلیب میں ردوبدل کا مطالبہ بھی کر رہا ہے۔
آئی ایم ایف کو حکومت پاکستان کی جانب سے مختلف شعبوں کو دی گئی سبسڈی پر بھی اعتراض ہے جبکہ توانائی کی قیمتوں میں اضافہ بھی آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے۔