اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) کو وفاقی کابینہ میں شمولیت پر رضامند کر لیا ہے اور وفاق میں انہیں 2 وزارتیں دی جائیں گی جبکہ دو مشیر بھی ایم کیو ایم سے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ کر کے انہیں کابینہ میں شامل ہونے پر رضامند کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے بھی ایم کیو ایم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں موجودہ صورتحال میں کابینہ کا حصہ بن کر ملک کو بحران سے نکالنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو وفاق میں دو وزارتوں کے علاوہ دو مشیر بھی ان کی جماعت سے ہوں گے جبکہ سندھ میں گورنر شپ مسلم لیگ ن کو دی جائے گی، اس کے علاوہ سندھ میں ایم کیو ایم کو کم از کم 5 وزارت دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے جبکہ لیگی رہنماؤں نے ایم کیو ایم قیادت کو معاہدے کے تحت تمام نکات پر عملدرآمد کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
ذرائع کے مطابق جلد ہی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ملاقات ہو گی جس میں صوبائی کابینہ کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آج سید امین الحق وزیر کا حلف اٹھائیں گے جن کے بعد فیصل سبز واری کو بھی وفاقی کابینہ کا حصہ بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے ایم کیو ایم کو وفاقی کابینہ میں شمولیت پر رضامند کر لیا
09:48 AM, 18 Apr, 2022