لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج صبح پیٹرول بموں اور تیزاب کی بوتلوں سے لیس جتھوں نے نواں کوٹ پولیس سٹیشن پر حملہ کیا اور ڈی ایس پی سمیت 12 پولیس والوں کو اسلحے کے زور پر اغوا کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج صبح پیٹرول بموں اور تیزاب کی بوتلوں سے لیس جتھوں نے نواں کوٹ پولیس سٹیشن پر حملہ کیا جس میں رینجرز اور پولیس اہلکار اندر پھنس گئے، حملے میں 6 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ متشدد جتھے ڈی ایس پی نواں کوٹ سمیت 12 پولیس والوں کو اسلحے کے زور پر اغوا کرکے اپنے مرکز میں لے گئے جہاں 50 ہزار لیٹر کا آئل ٹینکر بھی رکھا گیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پولیس نے کوئی آپریشن پلان یا شروع نہیں کیا اور جوابی کارروائی صرف اپنے دفاع اور مغوی پولیس اہلکاروں کو بچانے کیلئے کی گئی۔ معاون خصوصی کے مطابق اس سے پہلے ان جتھوں کے ہاتھوں 6 پولیس اہلکار شہید اور 700 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ پولیس اور رینجرز کی جانب سے لاہور کے اہم چوک پرکئی روز سے قابض مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران یتیم خانہ چوک کی جانب جانے والے تمام راستے بند ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں اور تصادم کے دوران جانی نقصان کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔
لاہور آپریشن پولیس نے اپنے دفاع اور مغوی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے کیا: فردوس عاشق اعوان
08:40 PM, 18 Apr, 2021