نوشہرہ میں دو گروپوں کے درمیان تصادم، فائرنگ کے تبادلے میں 7 افراد قتل

07:53 PM, 18 Apr, 2021

پشاور: نوشہرہ میں ٹیوب ویل بھرتی پر دو گروپوں میں تصادم سے گولیاں چل گئیں، فائرنگ کے تبادلے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے جنھیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ نوشہرہ کے علاقے سپین کانے میں پیش آیا۔ سرکاری ٹیوب ویل پر نوکری کے تنازع پر دو گروہ آپس میں لڑ پڑے۔

دونوں گروپوں کے امیدوار ملازم بھرتی ہونا چاہتے تھے۔ ایک گروپ کے امیدوار کو بھرتی نہ کیا گیا جس کے تنازع پر لڑائی ہوئی۔

فائرنگ سے دو خواتین سمیت 7 افراد جان کی بازی ہار گئے اور جاں بحق ہونے والوں کی شناخت گل شاد، طاہر، عمر، سجیلا بی بی، بختیار، مثل خان اور زابید خان کے نام سے ہوئی ہے۔

فائرنگ کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیم موقع پر پہنچی۔ اہلکاروں نے امن وعامہ کے پیش نظر علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا جبکہ ایمبیولینسوں کے ذریعے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

مزیدخبریں