اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں وزیر توانائی حماد اظہر اور پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے اراکین بھی موجود تھے۔ شرکا نے شوکت ترین سے معاشی پلان کے حوالے سے سوالات کیے۔
شرکا نے شوکت ترین سے یہ بھی پوچھا کہ کیا گورنر سٹیٹ بینک کو تبدیل کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے شرکا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ رضا باقر کی تبدیلی کا امکان نہیں۔ ملک کی معاشی صورتحال کا صرف ایک حل ہے اور وہ ہے شرح نمو 6 سے 7 فیصد تک لے جانا۔
وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ شوکت ترین کو 35 سال سے جانتا ہوں۔ شوکت ترین شوکت خانم ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز کا حصہ بھی رہے ہیں۔ امید ہے وہ اپنے تجربے کی بنیاد پر معاشی صورتحال کو مزید بہتر بنائیں گے۔
واضح رہے کہ شوکت ترین موجودہ حکومت کے دور میں چوتھے وزیر خزانہ ہیں ۔سب سے پہلے اسد عمر اس کے بعد حفیظ شیخ اور 17 دن تک حماد اظہر وزیر خزانہ رہے۔اب شوکت ترین کو وزیر خزانہ بنایا گیا ہے۔