ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے قومی ٹیم ہرارے پہنچ گئی

10:26 AM, 18 Apr, 2021

ہرارے: پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقا کے کامیاب دورے کے بعد چارٹرڈ فلائٹ سے زمبابوے کے دار الحکومت ہرارے پہنچ گئی ہے۔ 

نیو نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم زمبابوے میں ٹی 20 اور ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچز 23،21 اور 25 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔ جبکہ ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 29 اپریل اور دوسرا 7 مئی کو شروع ہوگا۔

ٹی20 میچز میں پاکستان کا زمبابوے کے خلاف ریکارڈ انتہائی شاندار ہے اور تمام 14 میچز میں فتح نے پاکستان کے قدم چومے۔ٹیسٹ کرکٹ کی بات کی جائے تو 17 ٹیسٹ میچوں میں سے پاکستان نے 10 میں کامیابی حاصل کی، تین میں زمبابوے کی ٹیم فاتح رہی اور چار میچ ڈرا ہوئے۔

دوسری طرف پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے زمبابوے نے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے، شین ولیمز زمبابوے ٹیم کی قیادت کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم کورونا وائرس عالمی وبا کے بعد زمبابوے کا دورہ کرنے والی دنیائے کرکٹ کی پہلی ٹیم ہے ۔

مزیدخبریں