دبئی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کی شکایات کے بعد سفارت کاروں کو وطن واپس بلا لیا ہے۔جو سفیر پاکستانی کمیونٹی کی خدمت نہیں کرے گا وہ عہدے پر نہیں رہےگا۔
نیو نیوز کے مطابق دبئی میں پاکستان بزنس کونسل کی طرف سے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب میں پاکستانی سفارت کاروں کی شکایات ملی تھیں، پاکستانی شہریوں کی شکایت پر مذکورہ سفارت کاروں کو وطن واپس بلا لیا ہے‘۔اگر کسی اور ملک سے سفارت کاروں کی شکایت ملی تو انہیں بھی وطن واپس بلا لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں اگر کسی سفارتکار سے تارکین وطن پاکستانی خوش نہیں تو اس کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں ۔اسے ہم عہدے سے ہٹادیں گے۔ جو پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کرے گا وہ ہی عہدے پر رہ سکتا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی سفارت کاری کو بروئےکار لا رہا ہے، جس کے تحت دنیا کی توجہ پاکستان میں کثیرکاروباری مواقع پر مبذول کرائی جارہی ہے، وبائی صورتحال کے باوجود معاشی سفارت کاری کے مثبت نتائج مل رہے ہیں، یواےای کے ساتھ کثیرالجہتی، تجارتی تعلقات میں روز بروز بہتری آرہی ہے۔
اُن کا کہنا تھاکہ ’یو اے ای دورےکا مقصد کثیر الجہتی شعبہ جات میں تجارتی روابط اور تعاون کا فروغ ہے، خوشی ہے پاکستانیوں کی کثیر تعداد متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے، پاکستانی کمیونٹی محنت و لگن سے تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کررہی ہے۔اوور سیز پاکستانیوں کی فلاح وبہبود اور اُن کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم اور افطار ڈنر کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ عشائیے میں پاکستانی سفیر افضال محمود، قونصل جنرل دبئی احمد امجد علی اور سفارتخانے کے سینئر افسران بھی شریک تھے۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تین روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات میں ہیں اس دورے میں وہ وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان اور دیگر یو اے ای حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
دوسری طرف متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی موجودگی کے بعد مختلف قیاس آرائیوں نے جنم لیا جس پر دفتر خارجہ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیرخارجہ کی بھارتی ہم منصب سےملاقات شیڈول نہیں اور نہ ہی اس کا کوئی امکان ہے۔