لاہور: تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور ان کے ہمراہ آنے والے ارکان اسمبلی نے صحافیوں کے بار بار کے سوال کے باوجود سازش کرنے والوں کا نام نہ بتایا ۔
بینکنگ کورٹ میں پیشی کے بعد جب میڈیا نمائندوں جہانگیر ترین ، راجہ ریاض اور اسحاق خاکونی سے بار بار یہ سوال کیا کہ سازش کون کر رہا ہے آپ نام کیوں نہیں لیتے ُ؟۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ مجھے نہیں پتا سازش کون کر رہا ہے لیکن پتہ چل جائے گا۔
جب صحافی نے یہی سوال اسحاق خاکونی سے پوچھ رہے تھے تو اسی دوران جہانگیر ترین نے ان کے کان میں سر گوشی کی اور کہا کہ ’’نام نہیں بتانا‘‘۔
اسحاق خاکونی نے کہا کہ پانچ سے چھ روز میں بتا دیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کا 30 سے زائد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی پر مشتمل ہم خیال گروپ جہانگیر ترین کے ساتھ ہے۔ گروپ کے ارکان نے جہانگیر ترین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ان کے کہنے پر کسی وقت بھی استعفے دے سکتے ہیں۔
جہانگیر ترین کے خلاف شوگر سکینڈل اور منی لانڈرنگ کےالزام میں ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا ہے۔ جہانگیر ترین بینکنگ کورٹ سے عبوری ضمانت کرائی ہے جو عدالت نے 3 مئی تک منظور کی ہے۔