کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عوام جب تک سماجی دوری نہیں اپنائے گی مرض پھیلتا جائے گا۔ ساؤتھ اورایسٹ کے گنجان آبادیوں میں کیسز بڑھنا تشویشناک بات ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کل ہم نے 2217 ٹیسٹ کیے، ٹیسٹ میں کورونا کے138 نئے مریض سامنے آئے۔ مریضوں کی کل تعداد 2355 ہوگئی ہے۔ کل ایک مریض دنیا سے رخصت ہوگیا۔
ویڈیو پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 48 ہوگئی ہے، ساؤتھ اورایسٹ کے گنجان آبادیوں میں کیسز بڑھنا تشویشناک بات ہے، آج کھارادر، لیاری اور بھار کالونی میں زیادہ کیسز آئے ہیں، ہم کچی آبادیوں میں ٹیسٹ بڑھا رہے ہیں۔
سیّد مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عوام جب تک سماجی دوری نہیں اپنائے گی مرض پھیلتا جائے گا، کل 11 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے، صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 592 ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ تبلیغی جماعتوں کے 477 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، تبلیغی جماعتوں کے 123 افراد کے نتائج آنا باقی ہیں۔
ویڈو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ تاجروں سے آج ملاقات ہوئی، مراد علی شاہ تاجروں کو ہم سہولیات دینے کیلئے سفارشات مرتب کررہے ہیں، تاجروں نے بلا سود اورطویل دورانیے کے قرضوں کی درخواست کی۔
سیّد مرا علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کافی حد تک کم ہوگئی ہیں، وفاقی حکومت کوکافی اسپیس مل گئی جس کا فائدہ عوام تک جانا چاہیے، تاجروں کو بلا سود قرضےدیئے جائیں۔