اسلام آباد:وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے والوں کو پارٹی سے نکالنے کے اعلان کے بعد سوال اٹھایا ہے کہ ان ارکان اسمبلی کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے سینیٹرز کا مستقبل کیا ہوگا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پران خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ بتایا جائے, ان ووٹوں سے منتخب ہونے والے سینیٹرز، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کیا بنے گا؟ان کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کا ساراعمل شروع سے ہی غلط تھا۔
خیال رہے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں جن پارٹی اراکین نے اپنے ووٹ بیچے ہیں ہم ان کو شوکاز نوٹس جاری کر رہے ہیں اور ان سے جواب طلب کر رہے ہیں اور اگر انہوں نے جواب نہیں دیا تو انہیں پارٹی سے نکال دیا جائے گا اور قانونی کارروائی کیلئے ان کے نام نیب کو بھی بھجوائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں تیس چالیس سال سے ووٹ بکتا رہا ہے،اس معاملے پر کوئی پارٹی ایکشن نہیں لیتی تھی، میں نے ووٹ بیچنے والے اپنے ارکان کے خلاف ایکشن کا فیصلہ کیا تھا، پہلا قدم اٹھایا ہے، اس سے ہماری پارٹی کو بھی نقصان ہوگا،ضمیر فروشوں کو پارٹی سے نکالنا ووٹ کا تقدس ہے دیگر پارٹیاں بھی ہمت کریں۔